کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 کھڈی اسٹاپ کے قریب اہل علاقہ کا پولیس کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین کاالزام ہے کہ پولیس نے گٹکے کی تلاش میںٕ بغیر اجازت گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور تشدد کرکے کئی خواتین کو زخمی کیا ، جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گٹکے کے کارخانے پر چھاپے کے دوران پولیس پر حملہ کیا گیا، 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
کورنگی نمبر5 میں کھڈی اسٹاپ کے قریب احتجاجی مظاہرین نے کورنگی ندی کی طرف جانے اور آنے والا روڈ ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے ، مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس نے خواتین اہلکاروں کے بغیر گھر میں گھسنے کی کوشش کی۔
پولیس کی جانب سے جس گھر میں چھاپہ مارا گیا وہاں کوئی غیر قانونی کام نہیں ہورہا تھا،پولیس کو روکا گیا تو پہلے پولیس نے تلخ کلامی کی اورپھرپستول اور رائفل کے بٹ مار کر خواتین اور مردوں کو زخمی کردیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس دکانداروں کو گٹکا بیچنے پر مجبور کرتی ہے اور گٹکا نہ بیچنے والے دکانداروں کو بھی رشوت دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ پولیس پارٹی گٹکے کے کارخانے کی تلاش میں چھاپہ مارنے گئی تو نامعلوم ملزمان نے پولیس پر حملہ کردیا جس سے 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف جلائو گھیرائو اور ہنگامہ آرائی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب محمود آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 زخمی ڈاکو اپنے ساتھی سمیت گرفتار کرلیے گئے ، جبکہ نیو کراچی نمبر 5 میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔